ریاست مدھیہ پردیش میں جمعیت علماء ہند کی ممبر سازی مہم جاری ہے۔ اس بار کورونا وبا کی وجہ سے جمعیت علماء ہند آن لائن ممبر سازی بھی کر رہی ہے۔
جمعیت علماء ہند، بھارت کے مسلمانوں کی ایک قومی، ملی اور دینی جماعت کا نام ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ملک و ملت کی خدمت انجام دیتی چلی آ رہی ہے۔ جمعیت علماء ہند ایک دستوری تنظیم ہے جہاں ترمیم شدہ ضابطے کے مطابق ہر تین سال بعد ممبر سازی کے ذریعے تنظیم کی اکائیاں قائم ہوتی ہیں۔ اسی کے مدنظر جدید ممبر سازی کا کام بھی شروع کیا گیا ہے جس میں کورونا وبا کی وجہ سے آن لائن ممبر سازی بھی کی جارہی ہے۔
مدھیہ پردیش میں بھی جمعیت علماء ہند کی ممبر سازی کا کام زور و شور سے جاری ہے، اس کے تحت تمام اضلاع میں موجودہ تمام یونٹوں سے کہا گیا ہے کہ اس کا فائدہ اٹھائیں اور ممبر سازی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
جمعیت علماء ہند بھوپال کے میڈیا انچارج حاجی محمد عمران نے کہا کہ پورے ملک میں جمعیت علماء ہند کی ممبر سازی مہم شروع کی گئی، جس کے تحت مدھیہ پردیش جمعیت علماء ہند بھی ممبر سازی کی مہم چلا رہی ہے، اسی سلسلے میں ہم نے ریاست کے بڑے عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کا مقصد یہ معلومات حاصل کرنا تھا کہ کس علاقے میں کتنی ممبر سازی کی گئی اور آگے کے لیے حکمت عملی بھی طئے کی گئی۔ ساتھ میں ممبر سازی مہم کے عمل کو آسان کردیا گیا ہے۔ اب لوگ آن لائن بھی ممبر سازی کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کا قیام 1919 میں عمل میں آیا تھا۔جمعیۃ علماء ہند کا ملک کی آزادی میں اہم کردار رہا ہے۔