اندور: اندور کو مدھیہ پردیش کی مالیاتی راجدھانی کہا جاتا ہے۔ یہاں سے ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایئرپورٹ پر بڑی مقدار میں سونا اسمگل کیا جا رہا تھا۔ تاہم محکمہ کسٹمز کے اہلکاروں نے بروقت اسمگلروں کو پکڑ لیا، جن سے تقریباً 1.7 کلو سونا برآمد ہوا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ضبط کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 92 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے، فی الحال 3 اسمگلروں کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
دراصل جب سے اندور سے دبئی کی فلائٹ شروع ہوئی ہے، سونے کی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ملزمان نے اسمگلنگ کا نیا طریقہ دریافت کیا ہے، اس میں ملزمان سونے کو چاندی اور رنگ سے پالش کروا کر ادھر ادھر لے جاتے ہیں۔ حال ہی میں کسٹم کمشنر کو اطلاع ملی تھی کہ دبئی سے اندور میں بڑی مقدار میں سونا لایا جا رہا ہے، اس کے بعد سے ہوائی اڈے پر چیکنگ میں سختی برتی جا رہی ہے۔ دبئی سے پرواز جمعہ کو اندور پہنچی تو 3 مشکوک افراد کو تفتیش کے لیے روکا گیا۔ تحقیقات کی گئی تو تینوں ملزمان نے مختلف طریقوں سے سونا چھپا رکھا تھا، فی الحال محکمہ کسٹم کی ٹیم نے سونا قبضے میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سلی گوڑی میں کروڑوں روپے کا سونا اور نقد رقم برآمد
- سونے کی اسمگلنگ کا نیا طریقہ:
سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں پکڑے گئے ایک ملزم نے سونے کو پیسٹ میں تبدیل کر کے کیپسول میں بھر کر اپنی شرمگاہ میں چھپا رکھا تھا جبکہ دوسرا ملزم چاندی کی کوٹنگ والی سونے کی چوڑیاں اور انگوٹھیاں لایا تھا۔ اس کے علاوہ تیسرے ملزم نے اپنی گولڈ بیلٹ اور سونے کی موتیوں پر سلور اور بلیک کلر کی کوٹنگ لگا رکھی تھی۔ فی الحال تینوں ملزمان سے ضبط کیے گئے 1.7 کلو سونے کی قیمت 92 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد ایئرپورٹ پر لاکھوں روپے مالیت کا سونا ضبط
- کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم تحقیقات میں مصروف:
اس معاملے پر اندور کسٹم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم تینوں گرفتار اسمگلروں سے مسلسل پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے، اس سے پہلے بھی اندور کے دیوی اہلیہ ہوائی اڈے پر سونے کی اسمگلنگ کے معاملے میں کئی اسمگلروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔