اندور میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آٹھ دن کے دوران پولیس نے تین قتل کا انکشاف کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
شہر کے دیپالپور تھانہ علاقے میں ایسا ہی ایک واقعہ تین روز قبل پیش آیا تھا جب شاہد علی نامی شخص کا رات کے وقت نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا جس کی لاش صبح پولیس نے نہر سے برآمد کی تھی۔
پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ہی شاہد کے قتل کے الزام میں کنال پٹیل اور راہل کھاتی کو گرفتار کیا۔
پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش چندر جین نے کہا کہ مقتول اور قاتل کے درمیان چند روز قبل معمولی بات کو لے کر کہا سنی ہو گئی تھی جس سے ملزم سخت ناراض ہوگئے تھے۔ رواں ماہ کی 7 تاریخ کی رات میں ملزموں کو شاہد اکیلا دکھا تو ملزم شاہد پر حملہ کر فرار ہو گئے۔
ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس نے صبح نہر سے شاہد کی لاش برآمد کی تھی۔ تفتیش میں راہل عرف ظالم ولد پرشوتم کھاتی اور کنال عرف ویپل ولد مہندر پٹیل کو گرفتار کیا ہے۔