ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کورونا وائرس سے بچنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے اسی کے تحت محکمۂ کے ڈاکٹرز ٹاٹ بٹی باخل علاقے میں جب ایک بزرگ خاتون کی اسکریننگ کرنے پہنچے تب وہاں کے مقامی لوگوں نے ان پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے اس معاملے میں 10 افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے جس میں چار ملزمین کو اسپتال سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بقیہ کی تلاش سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کی جارہی ہے۔
اندور ڈی آئی جی ہری نارائن چاری مشرا نے بتایا کیا جب صحت عملہ ایک بزرگ خاتون کی اسکریننگ کرنے پہنچا تو وہاں کے مقامی لوگوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے محکمۂ صحت کے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس نے بھی سوشل میڈیا پر محکمۂ صحت کے اہلکاروں کے خلاف افواہ اڑائی تھی ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کے اہلخانہ نے ایک ویڈیو وائرل کیا تھا جس میں محکمہ صحت عملے پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام لگایا تھا جس کی وجہ سے مقامی لوگ نہ صرف ناراض تھے بلکہ خوفزدہ بھی تھے اس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔