ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں تنظیم انجمن اسلام بیت المال گزشتہ 65 برسوں سے اپنے روایتی طریقے سے ضرورت مندوں کی مدد کر رہی ہے اس کے کارکن بڑی خاموشی سے ضرورت مند کی تلاش کرتے ہیں اور پھر اس طریقہ سے مدد کرتے ہیں کہ پڑوسی کو بھی اس کا علم نہیں ہوتا۔
ملک میں مہلک مرض کورونا کی دوسری لہر سے جہاں کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ وہیں ہر طرح کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہے۔ ایسے میں ضرورت مندوں کو بڑی جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے، ان کے سامنے معاشی مشکلات اور دیگر مسائل بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ کچھ سماجی تنظیمیں ان کی مدد بھی کر رہی ہیں لیکن اندور کی سماجی تنظیم انجمن اسلام بیت المال گزشتہ 65 برسوں سے اپنے روایتی طریقے سے ضرورت مندوں کی مدد کرتی آ رہی ہے۔
انجمن اسلام بیت المال کے سیکرٹری ڈاکٹر سرفراز انصاری نے بتایا کہ ہماری تنظیم گزشتہ 65 برسوں سے عوام کی خدمت کے کام کو انجام دے رہی ہے۔ ہمارے بزرگوں نے رمضان المبارک میں ایک روایت شروع کی تھی کہ جس طریقے سے ایک مستحق اپنے روزہ اور سحری کا اہتمام کرتا ہے اسی طریقے سے ہمیں ضرورت مندوں کے لیے بھی سحری اور افطاری کا اہتمام کرنا چاہیے جس کے لئے ہم ایک اسپیشل فوڈ کوٹ تیار کرتے ہیں اور ضرورت مندوں تک پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم زکوۃ فنڈ کے تعاون سے اپنی خدمات انجام دیتی ہے اس لیے ہم ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے وقت بڑی احتیاط برتتے ہیں۔ ہماری تنظیم نے ابھی تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ ضروری اشیاء ضرورت مندوں میں تقسیم کر چکی ہے۔