صوبہ کا منی ممبئی کہے جانے والے اندور میں جہاں آئے دن فلم کے پروموشن اور کامیڈی شو منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ نئے سال کے موقع پر اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کا شو منعقد ہونے والا تھا تاہم شو سے پہلے ہی بعض ہندو تنظیموں سے وابستہ رہنماؤں نے ان پر دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے منور فاروقی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔
منور فاروقی کے وکیل نے ضمانت کی عرضی ہائی کورٹ میں داخل کی تھی جس پر آج سماعت ہونی تھی لیکن پولیس نے ابھی تک عدالت میں کیس ڈائری پیش نہیں کی جس کی وجہ سے ضمانت کی عرضی پر سماعت کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ لہذا اگلے ہفتے عرضی پر سماعت ہوگی۔
منور فاروقی کے وکیل انشومن سریواستو نے کہا کہ کامیڈین منور فاروقی کے خلاف پر یکم جنوری کو پولیس نے معاملہ درج کر جیل بھیج دیا تھا جس کے بعد اندور ہائیکورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی گئی لیکن پولیس نے ابھی تک کیس ڈائری پیش نہیں کی جس کی وجہ سے عدالت نے سماعت کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جن دفعات کے تحت منور پر کیس درج کیا گیا پولیس کے پاس ان کے کوئی پختہ ثبوت نہیں ہیں، جیسا کہ ایف آئی آر میں منور پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے ہندو دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کی ہے جس کا کوئی ثبوت پولیس کے پاس نہیں ہے۔