کورونا وائرس نے دنیا سمیت پورے ملک میں کہرام برپا کر رکھا ہے۔ اس مرض سے بچنے کے لیے مرکزی حکومت نے لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ اس کے باوجود کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ وہیں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کو علاج نہ ملنے کی شکایتیں بھی موصول ہو رہی ہیں جس سے عوام ناراض ہو کر طبی عملے کو اپنی مکمل جانکاری نہیں دیتے ہیں۔
اسی دوران کچھ جھوٹی خبریں بھی پھیلائے جاتے ہیں اور اس کی وجہ سے طبی عملہ اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھ جاتی ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ اندور میں پیش آیا جب طبی عملے پر کچھ نوجوانوں نے پتھراؤ کر دیا تھا۔ اس کے برعکس اجین میں حمل واڑی علاقے میں مسلم سماج کی خواتین نے كورونا وائرس سے عوام کی حفاظت کرنے والے طبی عملے پر پھول برسائے اور ان کا پھولوں سے استقبال بھی کیا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک بارہ لاک سے زائد افراد متاثر ہیں۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 64 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے تقریبا ڈھائی لاکھ افراد ٹھیک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس سے تین ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، جبکہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 77 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے 272 ٹھیک ہو چکے ہیں۔