حج فارم پُر کرنے کے عمل میں مزید سہولیات اور شفافیت لانے کے لیے حکومت ہند نے عازمین حج کو صرف آن لائن فارم بھرنے کی ہدایت دی ہے۔
ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی حج ہاؤس میں فارم جمع کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
ریاستی وزیر عارف عقیل نے اس موقع پر کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق اس بار سو فیصد آن لائن حج فارم جمع کرنے کو کہا گیا ہے-
انہوں نے کہا حالانکہ اس میں پریشانی ہوگی لیکن ہم اس کے لیے ریاست مدھیہ پردیش کے ہر ضلع میں کیمپ لگا کر اور دیگر طریقوں سے لوگوں کو فارم جمع کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
قابل ذکر ہے کے امسال درخواست گزار عازمین کو آن لائن فارم بھرنے کے بعد ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں اپنے فارم اور مطلوبہ دستاویزات کی کاپی جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ اس سے قبل عازمین حج کو آن لائن فارم بھرنے کے بعد مطلوبہ دستاویزات ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانا ہوتا تھا۔