ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں کورونا کی دوسری لہر سے تحفظ کے لیے انتظامیہ نے کچھ شرطوں کے ساتھ کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے، لیکن ہوٹلوں پر اب بھی پابندی عائد ہے جس سے یومیہ مزدوروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس تعلق سے مزدوروں کا کہنا ہے مسلم علاقے کے ہوٹلوں میں ناشتہ اور کھانا کفایتی رقم میں حاصل ہوجاتا ہے لیکن ان ہوٹلوں پر پابندی سے کفایتی رقم میں کھانا ناشتہ دستیاب نہیں ہو پارہا ہے جس سے مزدوری کے تمام پیسے پیٹ بھرنے میں ختم ہوتے جارہے ہیں۔
وہیں پان فروش کلو بھائی کا کہنا ہے کہ ہمارا گھر بار اسی کاروبار سے چلتا ہے جو لاک ڈاؤن کے سبب کئی ہفتوں سے بند ہے۔
رازق بابا کا کہنا ہے کہ ہم لوگ لاک ڈاؤن پر مکمل طور سے عمل کر رہے ہیں اب جہاں کورونا کے مریضوں میں کمی آئی ہے تو ایسے میں مسلم علاقوں کی ہوٹلوں کو بھی کھولنے کی اجازت دے دینا چاہیے۔