بھوپال میں گزشتہ جمعہ کی طرح اس جمعہ کو بھی چار، پانچ مصلیان نے مساجد میں نماز ادا کی جبکہ بقیہ لوگوں نے اپنے اپنے گھروں پر ظہر کی نماز ادا کی۔
اس موقع پر جمعیت علماء ہند (مدھیہ پردیش) کے نائب صدر محمد احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 'بھوپال ایک تاریخی شہر ہے، اس شہر میں ماہ رمضان المبارک بڑے عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے، عوام جہاں سحری، افطار اور تراویح کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہیں اس برس لاک ڈاؤن کی وجہ سے رمضان کی رونقیں معدوم ہونا طے ہے۔'
محمد احمد نے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان سے درخواست کی ہے کہ ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ہی رمضان سے جڑی اشیاء کی دکانیں کھولی جائیں تاکہ لوگوں کو رمضان المبارک کی تیاری کرنے کا موقع ملے ساتھ ہی انہوں نے شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی کے اعلان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک لاک ڈاؤن چل رہا ہے لوگ اپنے گھروں میں میں نماز اور دیگر عبادات کریں۔