لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں پھنسے مدھیہ پردیش کے مزدوروں کی گھر واپسی کے لئے خصوصی ٹرین چلائی جارہی ہے۔ وہیں گجرات سے روانہ ہوئی شرمک اسپیشل ٹرین جمعہ کو رتلام پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ یہ ٹرین گجرات کے راجکوٹ سے روانہ ہوئی تھی، جس میں بڑوانی، دھار ، کھرگون اور جھابوا ضلع کے تقریباً 1 ہزار 233 مزدور اپنے گھر پہنچے ہیں۔
وہیں عہدیداروں نے ان مزدوروں کا پھولوں سے استقبال کیا۔
گجرات سے آنے والے ان مزدوروں کا ضلعی انتظامیہ نے پہلے ٹیسٹ کیا، جس کے بعد انہیں کھانے کے پیکٹ دیے گئے اور بسوں کے ذریعے انہیں اپنے اپنے اضلاع میں روانہ کیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے ان انتظامات سے گھر لوٹے مزدور بھی مطمئن نظر آئے۔ اسی دوران اپنے گھر واپس لوٹنے کی خوشی بھی ان کے چہروں پر صاف نظر آرہی تھی۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے مزدوروں کی واپسی کے لئے چلنے والی خصوصی ٹرینوں کے لئے رتلام ریلوے اسٹیشن کو داخلی نقطہ بنایا گیا ہے۔ جہاں پہلی شرمک اسپیشل ٹرین گجرات سے رتلام پہنچی ہے۔