لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر(lieutenant governors of Ladakh) نے سرکاری نوکریوں میں تقرری کے احکامات صادر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کو خصوصی طور پر مقامی لوگوں کے لیے محفوظ کردیا گیا ہے۔گو کہ لداخ کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں دیگر کسی بھی ریاست یا یونین ٹیریٹری کا باشندہ خطے میں نوکری کا اہل نہیں ہوسکتا ہے۔
لداخ کو یونین ٹریٹری کا درجہ حاصل ہونے کے بعد وہاں کی عوام نے متعدد بار احتجاج کیا کہ انہیں نوکریاں دی جائے نیز ان کی زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ دیگر ریاستوں کے لوگ وہاں کے باشندے نہ بن سکیں بلکہ مقامی لوگوں کو ہی ملازمت ملے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری کردہ لداخ ریکروٹمنٹ رولز 2021 کی شق 11 کے مطابق کوئی بھی شخص جو لداخ کے علاقے کا رہائشی نہ ہو وہ یہاں نوکری میں تقرری کا اہل نہیں ہوگا۔
ان قوانین کے مطابق جو سابق ریاست جموں و کشمیر میں ملازمت حاصل کر چکے ہیں وہ لداخ ریکروٹمنٹ رولز کے ضابطے میں آئیں گے اور اسی خطے کے ملازم قرار دئیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ لداخ کی مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے اس خطے کی نوکریوں اور زمین کا تحفظ دینے کے لیے متعدد بار مرکزی ھکومت سے رجوع کیا تھا۔
گزشتہ برس لداخ کے سیاسی رہنماؤں اور عوام نے لداخ آٹونامس ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی جس کے بعد متعدد رہنماؤں نے وزیر داخلہ امت شاہ سے دہلی میں ملاقات کے بات چیت کی اور انتخابات میں حصہ لینے پر رضامندی دکھائی تھی اس دوران امت شاہ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔