لداخ یونین ٹریٹری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار مریضوں کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 185 تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ کورونا کے 141 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ اب تک مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 18 ہزار 186 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا سے فوت ہونے والے چار مریضوں میں سے تین کا تعلق ضلع لیہہ جبکہ ایک کا تعلق ضلع کرگل سے تھا۔
محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ لیہہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ لداخ یونین ٹریٹری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار مریضوں کی کورونا سے موت واقع ہوئی، 141 نئے کیس سامنے آئے ہیں، 145 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
دریں اثنا کووڈ میڈیا بلیٹن کے مطابق لداخ یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا وائرس کے 18 ہزار 186 کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ایکٹو کیسز کی تعداد 1656 ہے جن میں سے 1438 لیہہ اور 218 کرگل میں ہیں۔
بلیٹن کے مطابق کورونا سے اب تک مرنے والے 185 مریضوں میں سے 135 کا تعلق ضلع لیہہ جبکہ 50 کا تعلق ضلع کرگل سے تھا۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 141 نئے کیسز میں سے 111 کا تعلق لیہہ اور باقی 30 کا تعلق کرگل سے ہے۔
بتا دیں کہ ملک کے مختلف حصوں کی طرح لداخ یونین ٹریٹری میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خاصا اثر دیکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے اس کے پیش نظر اس یونین ٹریٹری میں جاری کورونا لاک ڈائون میں 7 جون کی صبح 7 بجے تک توسیع کی ہے۔
یو این آئی