وزارت دفاع نے آئندہ ماہ پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے لیہہ کے دورے پر اعتراض کیا ہے۔ کمیٹی کو اگلے ماہ فوجیوں کے کام کرنے کے حالات کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے لیہہ کا دورہ کرنا تھا۔
بدھ کو بھیجے گئے ایک خط میں وزارت نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کا دورہ کرنا "مناسب نہیں ہوگا"، کیونکہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر چین کے ساتھ معاملات کشیدہ ہیں۔
تاہم، ایک روز قبل ہی بھیجے گئے ایک اور خط میں وزارت نے اس طرح کے خدشات کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔
لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری کی سربراہی میں پی اے سی کو گذشتہ ماہ سپیکر اوم برلا سے فوجیوں سے ملنے کے لئے لداخ کا دورہ کرنے کی منظوری مل گئی تھی۔
پی اے سی نے سی اے جی کی ایک رپورٹ کا جائزہ لیا جس میں رواں برس کے شروع میں کہا گیا تھا کہ سیاچن اور لداخ جیسے علاقوں میں تعینات فوجیوں کو چشموں سمیت اونچائی والے علاقوں میں استعمال ہونے والے لباس اور سازوسامان کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے بعد پی اے سی نے لیہہ کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
پی اے سی نے ابتدائی طور پر 28 اور 29 اکتوبر کو لداخ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن پینل کے کچھ ارکان پارلیمنٹ نے بہار کے اسمبلی انتخابات، گجرات اور مدھیہ پردیش میں ہونے والے ضمنی انتخابات اور موجودہ کووڈ 19 کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے تاریخوں میں تبدیلی کی مانگ کی تھی۔
اس کے بعد پی اے سی نے اپنے منصوبے پر نظر ثانی کی اور 8 سے 10 نومبر تک لیہہ جانے کا فیصلہ کیا۔ پی اے سی نے نظر ثانی شدہ شیڈول وزارت دفاع، فوج اور لوک سبھا سیکرٹریٹ کو بھیجا تھا۔
لیکن وزارت دفاع نے پی اے سی کو آگاہ کیا ہے کہ شاید اب لداخ کا دورہ کرنا مناسب نہیں ہوگا، کیونکہ فوج سرحد پر کشیدہ صورتحال کا مقابلہ کرنے میں پوری طرح مشغول ہے۔