شمالی کشمیر کے سب ضلع ہندوارہ میں گزشتہ روز سے دو غیر مقامی مزدور لاپتہ ہیں۔ ٹھیکیدار محمد شہادت نے بتایا کہ دو دن سے دو مزدور سنیل مانجھی ولد راجن مانجھی اور محمد ممتاز جو کہ بہار کے رہنے والے ہیں، گمشدہ ہیں۔ یہ دونوں مزدور ماور کے میر پورہ قلم آباد گاؤں میں کام کرتے تھے جو ہندوارہ سے قریب دس کلومیٹر دور ہے۔
محمد شہادت نے کہا کہ جب یہ دونوں مزدور اپنی رہائش پر واپس نہیں آئے تو میں دوسرے دن کام کی جگہ پر گیا تو وہاں دونوں مزدور نہیں تھے۔ شہادت نے بتایا مقامی لوگوں سے پوچھ تاچھ کرنے پر مجھے بتایا گیا کہ دونوں ہی آخری مرتبہ قریب کی دکان سے کچھ تمباکو خریدتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جگہ جہاں جہاں ان کا ٹھکانہ تھا ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی لیکن ان کا کہیں بھی سراغ نہیں چل سکا اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ ہوسکا۔
ٹھیکیدار نے بعد میں پولیس اسٹیشن قلم آباد میں ایک گمشدہ رپورٹ درج کرائی ہے اور پولیس نے اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ شہادت نے علاقے کے مقامی لوگوں سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ دو گمشدہ افراد کے بارے میں کچھ معلومات رکھتے ہیں تو پولیس اسٹیشن قلم آباد سے رابطہ کریں۔