کپوارہ (جموں و کشمیر) : شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی تفتیشی یونٹ (SIU) نے منگل کو کپوارہ ضلع کے ایک رہائشی - جو پاکستان میں مقیم ہے - کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ کپوارہ پولیس کا کہنا ہے عادل رشید قریشی ولد فاروق قریشی جو کچہامہ، کرالپورہ، کا رہائشی ہے - اور پاکستان سے عسکری سرگرمیاں انجام دے رہا ہے - کی 6 کنال اور 3 مرلہ اراضی کو ایس آئی یو کپوارہ نے اٹیچ کر دیا۔
پولیس بیان کے مطابق پولیس تھانہ کپوارہ میں درج ایف آئی آر زیرنمبر276/2022زیر دفعات120B،121،121A،122،123آئی پی سی اورUAPAکے 20،38،39اور40کے تحت کیس کے سلسلے میں وسیع انٹیلی جنس جمع کرنے اور باریک بینی سے تحقیقات کے بعدSIUنے پاکستان میں مقیم کشمیر عسکریت پسند کی 6کنال اور 3 مرلے کی زمین کی شناخت کے بعد اٹیچ کی۔ پولیس بیان کے مطابق اٹیچ کی لوئی اراضی کپوارہ ضلع کے گاؤں کچہامہ میں متعدد مقامات پر واقع ہے۔
کپوارہ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کا مقصد پاکستان میں مقیم کشمیری نژاد اور سرگرم عسکریت پسند کے غیر قانونی نیٹ ورک میں خلل ڈالنا اور دہشت گردی کی مزید کارروائیاں کرنے کی اس کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔ پولیس کے مطابق فاروق قریشی 1990 کی دہائی کے اوائل - جب سے اس نے پاکستان نقل مکانی کی - سے ہی جموں و کشمیر کے امن اور سلامتی کے لئے مستقل خطرہ رہا ہے۔ جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ البرق نامی عسکریت پسند تنظیم کا رکن ہے اور اس وقت پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے لانچنگ کمانڈر کے طور پر کام کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: SIU attached Property کوکرناگ میں مبینہ طور ملیٹنسی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ملزم کا مکان منسلک
اس میں مزید کہا گیا کہ جموں و کشمیر پولیس اس کی تباہ کن سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔بیان کے مطابق جائیداد کی قرقی دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے لیے ایک مضبوط پیغام کے طور پر کام کرتی ہے کہ دہشت گردنہ سرگرمیوںمیں ملوث عناصر کوبخشانہیں جائے گا۔