کپوارہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر امام الدین نے محکمہ اطلاعات کو سماجی رابطہ گاہوں پر بغیر اجازت نامے کے خود کو صحافی قرار دینے والے افراد اور رجسٹرڈ (تسلیم شدہ) صحافیوں کی فہرست تیار کرکے ضلع انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ شیئر کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔
ڈی سی کپوارہ کے مطابق خود ساختہ صحافیوں کی خاصی تعداد منظر عام پر آنے اور بغیر اجازت کے رپورٹنگ کرنے والے افراد کو رپورٹنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ایسے افراد کی تعداد میں ہوشربا حد تک اضافہ ہو ہے جو بغیر اجازت نامے کے رپورٹنگ انجام دے رہے ہیں۔
ڈی سی کپوارہ کے مطابق ’’جن افراد کا صحافت سے دور کا بھی واسطہ نہیں، سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرکے صحافت کے اقدار کو زک پہنچا رہے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: ہندواڑہ: ٹائر فیکٹری سے اٹھنے والا دھواں لوگوں کےلیے وبال جان
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو رجسٹرڈ صحافیوں کی فہرست تیار کرکے اسے متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، انکے مطابق اصل اور تسلیم شدہ صحافیوں کو ہی آفیسران کے ساتھ رابطہ کرنے کے علاوہ گرائونڈ رپورٹنگ اور کوریج کی اجازت دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے اس سلسلے میں حکم نامہ جاری کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات، ایس ایس پی کپوارہ اور ایس پی ہندوارہ کو بھی فوری طور پر اس معاملے میں کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے، وہیں ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے انتظامیہ کے آفیسران کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیر تسلیم شدہ اور سماجی رابطہ گاہوں پر خود کو صحافی جتلانے والے افراد کو انٹرویو دینے سے پرہیز کریں۔