پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور فوج نے ضلع کپواڑہ کے کرالپورہ علاقے میں تلاشی کاروائی شروع کی جس دوران حزب المجاہدین کے ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا۔
پولیس نے حزب المجاہدین کے تین کارندوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ یہ تینوں افراد حزب کمانڈر بشیر پیر اور امتیاز عالم سے قریبی رابطے میں تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت پوشپورہ کے رہنے والے اعجاز احمد پائر ولد غلام محمد پائر، دردسن علاقے کے محمد الطاف پائر ولد مرحوم غلام قادر اور عبدالروف ملک ولد غلام احمد ملک کے طور پر کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تینوں افراد گزشتہ 8 ماہ سے اس علاقے میں سرگرم تھے اور وہ مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور عسکریت پسندوں کو مدد کر رہے تھے۔ ان تینوں کو کپواڑہ ضلع سے نئے عسکریت پسندوں کی مبینہ طور پر بھرتی کا بھی کام سونپا گیا تھا۔ دوران تفتیش ان سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس نے تینوں گرفتارشدگان کے خلاف مقدمہ درج کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔