کپواڑہ: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے زاگلی علاقہ کے مکینوں نے آج یہاں زاگلی کپواڑہ میں شراب کی نئی دکان کھولے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کپواڑہ لولاب روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین بالخصوص زاگلی کے لوگوں نے علاقے میں کھلنے والی شراب کی دکان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت آبادی والے علاقوں میں شراب کی دکانیں کھول کر جان بوجھ کر نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں اور اسکول جانے والے بچوں کے لیے شراب کی دکان کے سامنے سے گزرنا مشکل ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت آبادی والے علاقوں اور مذہبی اور تعلیمی مقامات کے قریب شراب کی دکانیں کھول کر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ بعد ازاں تحصیلدار کپواڑہ نے موقعے پر پہنچ کر مظاہرین کو سمجھا کر کہا کہ میں اعلی عہدایدان سے بات کرکے آپ کے اس مطالبہ کو حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
مزید پڑھیں: جموں میں شراب کی دکانیں کھولنے کے خلاف لوگ سراپا احتجاج
واضح رہے کہ اس سے قبل سیاحتی مقام پہلگام میں لوگوں نے کھولی گئی نئی شراب دکانوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ لوگوں نے انتظامیہ سے شراب دکان کا لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملہ پر اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹیری رفیع احمد میر کی قیادت میں مظاہرین نے پہلگام کے مین مارکیٹ میں نماز جمعہ کے بعد نئی شراب کی دکان کھولے جانے کے خلاف پُر امن احتجاج کیا۔