مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ضلعی پولیس کی جانب سے آج کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بیداری ریلی نکالی گئی، جس کی صدارت ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکر نے کی۔
اس بیداری ریلی میں ایس ایس پی کپوارہ کے ہمراہ اے ایس پی اور ڈی ایس پی مدثر احمد ترمبو بھی تھے۔
ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکر نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد یہ ہے کہ ہم تمام لوگوں کے تعاون سے ہی کورونا سے جنگ جیت سکتے ہیں اور لاک ڈاون کو مکمل طور سے کامیاب بنانے کے لیے بیداری ریلی نکالنا بھی بہت ضروری تھا۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل طور سے عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائےگی۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہے اور محفوظ رہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ان ملازمین اور ان پولیس جوانوں کو سلامی پیش کی ہے جنہوں نے اپنی پرواہ کیے بغیر اس کورونا وبا میں اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔