جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو لیڈروں اور ان کے پی ایس او کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپواڑہ ضلع کے بی جے پی صدر کے بیٹے اشفاق احمد اور بی جے پی کے کپواڑہ ضلع کے ترجمان بشارت احمد کو پیر کو گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں کو زیادہ سیکورٹی کور حاصل کرنے کے لئے مبینہ طور پر فرضی عسکری حملہ کی کہانی بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ اشفاق کے دو سیکورٹی گارڈز کو بھی اس کی (اشفاق) اور بشارت کے ساتھ ساز باز کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈروں نے 16 جولائی کو دو سیکورٹی گارڈز کی ساز باز سے سیکورٹی بڑھانے کے لئے کپواڑہ میں ایک عسکری حملے کی کہانی بنائی۔ اشفاق کے ہاتھ میں گولی لگی اور اس کا علاج مقامی اسپتال میں کیا گیا۔
پولیس نے حالانکہ عسکری حملے کے دعوے کو خارج کردیا اور کہا کہ دو سیکورٹی گارڈز میں سے ایک کی سروس رائفل حادثاتی طور پر چل گئی جس کے نتیجہ میں اشفاق زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: کپواڑہ میں انکاؤنٹر کے دوران ایک عسکریت پسند ہلاک
ذرائع نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے قبول کیا کہ یہ حملہ فرضی تھا۔ اس قبول نامہ کے بعد ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا اور پیر کو کپواڑہ کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمین کو سات دن کے لئے پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
یو این آئی