پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہندواڑہ میں پولیس نے عسکری تنظیم لشکر طیبہ کے تین معاونین کو گرفتار کیا ہے اور ایک بڑے ریکٹ کا انکشاف کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان کی تحویل سے 21 کلوگرام ہیروئن اور بھارتی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ ہیروئن کی قیمت 100 کروڑ سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
ایس پی ہندواڑہ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکروٹ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ 'لشکر طیبہ تنظیم کے تین معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے 21 کلو گرام ہیروئن اور بھارتی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماڈیول کے بارے میں دو ہفتے قبل خفیہ اطلاع ملی تھی اور پولیس نے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کے لیے اسی دن سے کارروائی شروع کی اور آج اس ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت لربل راجوار سے تعلق رکھنے والے افتخار اندرابی، واسکورہ ہندواڑہ کے مومن پیر اور اقبال الاسلام کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس پی ہندواڑہ نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدگان پاکستان میں مقیم عسکریت پسندوں کے رابطے میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس پر کام کر رہی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے نیز آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔