جموں و کشمیر میں آج کورونا وائرس سے دو اموات ہوئی ہے۔
جموں کے گاندھی نگر علاقے سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ شخص اور کپواڑہ کے کرالپورہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ اس طرح سے جموں کشمیر میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد اب 59 ہوگئی ہے۔
جموں میڈیکل کالج کے ایک ڈاکٹر کے مطابق 69 سالہ متوفی کو 29 مئی کو جموں کے میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا تھا اور 29 مئی کو ان کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوفی پھیپھڑوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھا۔ رسپریٹری سنڈروم میں مبتلا ہونے سے ان کی جان نہیں بچ پائی۔
دوسری جانب سرینگر کے سی ڈی اسپتال میں آج کپوارہ سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ ایک شخص کی موت کورونا وائرس سے ہوئی۔ یہ آج دوپہر تک کورونا وائرس سے ہونے والی دوسری موت تھی۔ وادی کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق اموات میں ضلع سری نگر 13 اموات کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ ضلع بارہمولہ 10 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ضلع کولگام میں آٹھ، اننت ناگ میں چھ، شوپیاں میں چار، کپوارہ میں چار، پلوامہ اور بڈگام میں دو دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا سے ہلاک ہو گیا ہے۔صوبہ جموں میں ضلع جموں میں اب تک کورونا سے سب سے زیادہ چار اموات درج ہوئی ہیں جبکہ ڈوڈہ، ادھم پور اور راجوری میں ایک ایک موت واقع ہوئی ہے۔