یوم ذہنی صحت کی مناسبت سے ضلع کپواڑہ کے پی ایچ سی چوگل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع اسپتال ہندوارہ کے سپریٹینڈینٹ اور انچارج بی ایم او ہندوارہ ڈاکٹر نثار احمد نے مہمان خصوصی کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر مقررین نے ذہنی تناؤ دور کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کیے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 10 اکتوبر کو ذہنی صحت کا دن منایا جاتا ہے۔ یوم ذہنی صحت کے حوالے سے امسال کا موضوع ہے دماغی عارضے کا جسمانی صحت سے تعلق مثلاً ذیابیطیس اور کینسر جیسے امراض کی صورت میں دماغی صحت کا عالمی دن منانے کا مقصد لوگوں کو ذہنی امراض اور دماغی صحت کے متعلق آگاہی دلانا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق لوگوں میں ذہنی امراض تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے جبکہ 2030 تک ڈپریشن دنیا کا سب سے بڑا مرض ہوگا جو انہتائی تشویشناک ہے۔
وادیٔ کشمیر میں آئے روز ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہیں اعصابی تناؤ اور بوجھ کے نیتجے میں انتہائی اقدام اٹھانے کا رجحان بھی دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔
ماہر نفسیات کے مطابق گزشتہ کئی مہینوں کے دوران متعدد ایسے واقعات پیش آئے جن میں 17 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں نے انتہائی اقدام اٹھایا۔ رواں برس کے مئی اور جون مہینے کے دوران کئی خودسوزی کے واقعات رونما ہوئے جبکہ اگست ماہ میں قریب 10 لوگوں نے خودکشی سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔