ضلع کپوارہ میں قصبہ ہندوارہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب ایک 25 سالہ شخص کی لاش کھیتوں میں نظر آنے کے بعد راہ گیروں نے پولیس کو مطلع کیا۔ جس کے بعد ہندوارہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
فوت ہونے والے نوجوان کی شناخت براری پورہ ہندوارہ کے 25 سالہ محمد اقبال بٹ ولد محمد سلطان کے طور پر ہوئی ہے۔ فوت ہونے والے شخص کے لواحقین کے مطابق محمد اقبال ذہنی طور پر معذور تھا جو چند روز قبل اپنے گھر سے نکلا اور واپس نہیں لوٹا۔
مزید پڑھیں؛ شادی کے تین دن بعد فوت ہوئے نوجوان کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ محمد اقبال کے گمشدہ ہونے کی خبر انہوں نے سماجی رابطہ گاہوں پر بھی دی تھی تاہم قریب چار روز بعد اس کی لاش ہندوارہ ڈگری کالج کے نزدیک کھیتوں سے برآمد کی گئی۔
قانونی و طبی رسوم کے بعد نوجوان کے جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔