ضلع کولگام کے مین ٹائون میں پانی کی قلت کے حوالے سے لوگوں نے محکمہ جل شکتی اور میونسپلٹی کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے مرد و زن نے شکایت کی کہ موسم گرما میں انہیں ہمیشہ پینے کی پانی کی قلت کا سامنا رہتا ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے اس کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔
محکمہ جل شکتی کے افسران اپنا پلو جھاڑتے ہوئے کولگام میونسپلٹی کو مورد الزام ٹھہرایا، انہوں نے کہا کہ ’’سرکاری حکمنامے کے مطابق بیشتر محکمہ جات کو میونسپلٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے عملہ اور دیگر کاموں کی نشاندہی کر لی ہے پانی کی قلت کے حوالے سے کولگام میونسپلٹی جواب دہ ہے۔‘‘
انہوں نے اس ضمن میں محکمہ میونسپلٹی کے علاوہ لوگوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’لوگوں کی جانب سے بھی پینے کا پانی ضائع کیے جانے سے پانی کی قلت ہو جاتی ہے۔‘‘
ادھر میونسپل حکام نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ جل شکتی نے حکمنامے کے مطابق عملہ کی مکمل فہرست ارسال نہیں کی ہے جس وجہ سے میونسپل عملہ دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ محکمہ میونسپلٹی عوام تک پینے کا پانی پہنچانے کی وعدہ بند ہے اور دو یا تین دن میں کولگام مین ٹائون میں پانی کی قلت کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
حیران کن طور پر نہروں، جھیلوں، آبشاروں اور دریائوں جیسے آبی ذخائر سے مالا مال وادی کشمیر میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے حوالے سے آئے روز احتجاج ہوتے رہتے ہیں، وہیں بعض علاقوں کے کسان کھیتوں میں سینچائی کا معقول انتظام نہ ہونے کے سبب بے حد پریشان ہیں۔