جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے آشموجی گاؤں کے لوگوں نے کولگام-اننت ناگ روڈ پر احتجاج کیا، احتجاج کررہی خواتین نے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی اور گھنٹوں روڈ کو آمدورفت کے لیے بند کردیا۔
دراصل علاقے میں محکمہ بجلی کی جانب سے جدید بجلی میٹر نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس سلسلے میں علاقے میں بجلی کی کٹوتی اور علاقے میں نئے میٹر نصب کرنے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمۂ بجلی نے آشموجی گاؤں میں نئے بجلی میٹر نصب کرنے کا کام شروع کیا ہے، چونکہ علاقے کے زیادہ تر لوگ غریب ہیں اور انھیں بجلی کی کٹوتی سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ علاقے کی خواتین نے بار بار بجلی کی کٹوتی سے تنگ آکر محکمہ بجلی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔
بجلی محکمہ کے ایگزیکیوٹیو انجینیئر نے فون پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو بتایا کہ آشموجی گاؤں میں جدید رسیونگ اسٹیشن تعمیر کا کام مکمل ہوگیا ہے اور علاقے میں جلد ہی نئے بجلی میٹر کی تنصیب کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رسیونگ اسٹیشن کی مرمت کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی کٹوتی زیادہ ہوگئی لیکن اب جلد ہی نئے رسیونگ اسٹیشن یہاں فراہم کی جائے گی۔