جموں و کشمیر میں سرمائی تعطیل کے بعد جہاں پہلے ہائر سکنڈری اسکول کھولے گیے تھے وہیں اب مڈل اور پرائمری اسکولوں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ اسکول کھلنے سے بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
ضلع کولگام کے ہانجی پورہ میں واقع گورمنٹ مڈل اسکول بنہ گام میں بھی کورونا گائیڈ لائن کے مطابق تعلیم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، اس اسکول میں زیر تعلیم طلبا ہر طرح سے خوش ہیں لیکن اسکول کی چہاردیواری نہ ہونے سے مایوس بھی ہیں، کیونکہ اسکول جنگلات اور باغات سے گھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے جنگلی جانوروں کا خطرہ بھی بنا رہتا ہے۔
اسکولی بچوں کا کہنا ہے کہ ’’کافی عرصے کے بعد اسکول میں آنے کا موقع ملا ہے، پہلے دفعہ 370 اور بعد میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہم لوگوں کو تقریبا دو برس تک گھر میں ہی بیٹھنا پڑا، اس لیے اب ہم اسکول کھلنے پر بہت خوش ہیں، لیکن بچوں نے موجود گورنر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ اسکول کی دیوار بندی کرائی جائے تاکہ اپنے اسکول کے صحن میں سکون کے ساتھ پڑھائی اور کھیل کود بھی کرسکیں‘‘۔
بچوں نے کہا کہ اسکول کے قریب ہی باغات اور جنگل ہیں جس کی وجہ سے ہمیں مسلسل جنگلی جانوروں کے حملے کا ڈر اور خوف لاحق رہتا ہے۔