کولگام ضلع ہیدکواٹر سے بیس کلومیٹر فاصلے پر دمحال ہانجی پورہ علاقے میں کھوسہ پورہ چک رمبیر پورہ کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پر الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے سڑک کی حالت خستہ ہے اور اس کے باعث انہیں پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
2008 میں متعلقہ محکمہ نے چک رمبیر پورہ سے کھوسہ پورہ تک تین کلو میٹر والی سڑک کو ہموار کر کے بولڈر بچھا کر لوگوں کے چلنے پھرنے کے قابل بنایا تھا لیکن تب سے متعلقہ محکمہ نے اس سڑک کی حالت کا نہ ہی جائزہ لیا اور نہ ہی اس کا کام کرایا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ بارہ سالوں سے وہ مسلسل انتظامیہ سے سڑک تعمیر یا اس کی مرمت کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن محکمہ اس جانب توجہ نہیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف موسم میں تو ہم لوگ اس راستے پر چل پاتے ہیں لیکن موسم کے خراب ہوتے ہی یہاں پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے۔
مقامی لوگوں نے ایل جی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سڑک کی تعمیر کے متعلق فیصلہ لیں تاکہ گاؤں والوں کو سہولت مل سکے۔