جموں و کشمیر کے جنوبی علاقہ قاضی گنڈ - کولگام سڑک پر میگڈم بچھانے کا کام شروع کیا گیا ہے جس پر مقامی آبادی نے راحت کی سانس لی ہے۔ نو کلو میٹر لمبی سڑک کافی خستہ ہو چکی تھی، سڑک پر گہرے کھڈے بن چکے تھے جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا تھا۔
سڑک سے اٹھنے والی گردوغبار کی وجہ سے مقامی آبادی مختلف امراض کا شکار ہو گئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے بھی گذشتہ ہفتے سڑک کی ابتر صورتحال کے حوالے سے خبر نشر کی تھی۔ اس بیچ اتوار کو لوگوں نے اس وقت راحت کی سانس لی جب متعلقہ ایجنسی نے سڑک پر میگڈم بچھانے کا کام شروع کیا۔
لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور مانگ کی کہ سڑک کے دونوں طرف فلنگ (بهرائی) کی جائے تاکہ میگڈم محفوظ رہ سکے۔
جونیئر انجینئر محمد طاہر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اگلے چند روز تک میگڈم بچھانے کا کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ضلع میں کئی اہم سڑکوں کے بائی پاس تعمیر ہو رہے ہیں جس سے پہلے سے موجود سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔