جنوبی کشمیر میں لور منڈہ کے مقام پر قائم کیے گئے کووڈ ٹیسٹنگ سنٹر میں ہو رہے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے ضلع اننت ناگ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے ٹیسٹنگ مرکز لور منڈہ کا دورہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر آنے والے مسافرین اور ڈرائیوروں کی کورونا جانچ کے لیے لوور منڈہ کے مقام پر کووڈ ٹیسٹنگ سنٹر قائم کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کی کہ وہ ٹیسٹنگ مرکز پر سبھی بنیادی سہولیات کو یقینی بنائیں اس کے علاوہ انہوں نے ٹیسٹنگ مرکز پر چوبیس گھنٹے جانچ سہولیات کو یقینی بنائے جانے پر بھی زور دیا ’’تاکہ کوئی بھی مسافر یا ڈرائیور بغیر جانچ کے وادی کشمیر میں داخل نہ ہو سکے۔‘‘
انہوں نے پولیس اور ٹریفک حکام سے بھی ٹیسٹنگ مرکز کے قریب ٹریفک کی نقل و حرکت و پارکنگ کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جانے کی بھی تلقین کی۔
اس موقع پر نوڈل آفیسر ایس ڈی ایم ڈورو نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ لور منڈہ کوویڈ ٹیسٹنگ مرکز پر 11 کیبن قائم کئے گئے ہیں جہاں اب تک 19000 سے زیادہ مسافروں اور ڈرائیوروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے آنے والے دنوں میں جانچ مرکز میں مزید کیبن نصب کیے جائیں گے۔