کشتواڑ: پہاڑی ضلع کشتواڑ کے مین ٹاؤن سمیت مضافاتی علاقوں میں سڑکوں کے کنارے، گلی کوچوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے مقامی باشندوں، راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلع کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر مقامی باشندوں کی جانب سے گندگی انڈیل دی جاتی ہے جس سے عوام کو مشکلات سے جوجھنا پڑ رہا ہے۔ Sweepers Strike Continues in Kishtwar
قصبہ کشتواڑ میں کوڑے دان کی قلت کے سبب لوگ سڑکوں کے کنارے گندگی اور کوڑا کرکٹ پھینکتے ہیں جس سے راہ گیروں کو عبور و مرور میں دشواریاں پیش آتی ہیں، وہیں گندگی سے اٹھنے والی بدبو کے سبب لوگوں کو وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا اندیشہ لاحق رہتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے یومیہ اجرت پر کام کر رہے صفائی ملازمین اپنی مانگوں کو لیکر احتجاج پر ہیں۔
صفائی ملازمین کی ہڑتال کے پیش نظر قصبہ میں صاف صفائی کا فقدان پایا جا رہا ہے۔ سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور گلی کوچوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہیں جس کی صفائی کے حوالہ ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ ضلع میں صاف صفائی، خصوصاً سوچھ بھارت ابھیان کے تحت صفائی نظام کو بہتر بنانے کے انتظامیہ کے بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھل جاتی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے وقت پر گندگی کو نہ اٹھائے جانے اور عوامی مقامات پر کوڑے دان نصب نہ کیے جانے سے صفائی نظام ابتر ہو چکا ہے۔
مقامی باشندوں نے حکام خصوصاً میونسپل کمیٹی سے صفائی کے حوالہ سے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔
مزید پڑھیں: Garbage Dumped سرینگر-لیہہ شاہراہ پر گندگی کے ڈھیر جمع