کشتواڑ:کشتواڑ پولیس نے منگل کے روز ممنوعہ تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ایک عسکریت پسند اور اس کے معاون کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کشتواڑ پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت درج ایک کیس میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد یوسف چوہان اور محمد امین کے خلاف چارج شیٹ ڈوڈہ ضلع میں این آئی اے کی فاسٹ ٹریک عدالت میں داخل کی گئی۔
کشتواڑ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خلیل پوسوال نے کہا کہ پولیس نے پوری تندہی سے معاملے کی چھان بین کی ہے اور اس کیس میں لگائے گئے الزامات کی تائید کے لیے خاطر خواہ ثبوت اکٹھے کیے ہیں۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے محمد یوسف چوہان کو 27 مئی کو کشتواڑ کے چرجی علاقے میں ایک گرینیڈ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بعد میں اس کے ساتھی محمد امین کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں:
بتادیں کہ گزشتہ روز ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس ائی اے) نے سرینگر کے رہنے والے دو افراد اور پاکستان میں مقیم ایک شخص کے خلاف سرینگر کی ایک عدالت میں ٹرر فنڈنگ معاملے میں چارج شیٹ دائر کی ہے۔