کرونگ پلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کرنے کے لیے کیرالہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے اس یاترا میں شامل ہونا ضروری ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں بھائی چارہ بڑھانے کے لیے بھارت جوڑو یاترا کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس طرح سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ملک میں بھائی چارے کو تقسیم کر رہے ہیں اسے روکنے کے لیے یاترا کا اہتمام کرنا ضروری تھا۔ Congress Bharat Jodo Yatra in Kerala
انہوں نے کہا کہ 'آر ایس ایس اور بی جے پی نے ملک میں نفرت پھیلائی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ لوگ ملک میں بھائی چارہ، ہم آہنگی اور خوشی سے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک پر انگریزوں کی حکومت تھی تو انہوں نے بھی اسی تقسیم کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اپنا جبر کا سلسلہ جاری رکھا۔'
یہ بھی پڑھیں: Rahul Gandhi Slams BJP over Inflation مہنگائی سے لوگ کافی پریشان، راہل
راہل گاندھی نے کہا کہ 'بھارت جوڑو یاترا کا مقصد سب کو ایک ساتھ لانا اور تقسیم کی سازش کرنے والوں سے ملک کو بچانا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ ملک کے لوگوں میں اتحاد اور بھائی چارہ بڑھانا ہے اور اس کے لئے کانگریس کو تمام اہل وطن کی حمایت کی ضرورت ہے۔ اس یاترا میں عوام کی طاقت اہم ہے کیونکہ عوام کے تعاون سے ہی ملک سے مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل کے حل کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔
یو این آئی