انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کی سابق افسر کرن بیدی کو پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کی طرف سے منگل کو یہ اطلاع دی گئی۔
صدر رامناتھ کووند کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر بیدی کو پڈوچیری کیل لیفٹننٹ گورنر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق تلنگانہ کی گورنر تملسائی سندر راجن کو پڈوچیری کے گورنر کی اضافی ذمہ داری سنبھالے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ محترمہ سندر راجن پڈوچیری کے گورنر کے عہدہ کے لئے باقاعدہ انتظام ہونے تک وہاں کا کام کاج سنبھالیں گی۔
خیال رہے کہ پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو واپس بلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی زیرقیادت سیکولر ڈیموکریٹک الائنس (ایس ڈی اے) کی جانب سے انا جنکشن پر کذشتہ کئی ماہ سے دھرنا مظاہرہ کیا جا رہا تھا۔ ایس ڈی اے نے لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی پر مرکز کے زیرانتظام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے اور انتظامیہ کے کاموں میں غیرضروری مداخلت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
پڈوچیری کے وزیراعلی وی نارائن سامی نے کرن بیدی پر لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔ ریاستی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چل رہا تھا جبکہ پڈوچیری کے وزیراعلی نے صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرکے کرن بیدی کو ہٹانے سے متعلق یادداشت پیش کی تھی۔