کوچی: تھریسور کے ایک رہائشی نے حال ہی میں کوچی میں منعقدہ وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کے دوران مبینہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف شکایت کے لئے کیرالہ پولیس اور موٹر گاڑیوں کے محکمہ سے رابطہ کیا ہے۔ بدھ کو کیرالہ کے ڈی جی پی انیل کانت اور ایم وی ڈی کو جمع کرائی گئی آن لائن شکایت میں شکایت کنندہ جے کرشنن وی نے الزام لگایا کہ روڈ شو کے دوران ٹریفک قوانین کی سرعام خلاف ورزی کی گئی۔ رجسٹریشن نمبر DL 2 CAX 8624 والی گاڑی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔ روڈ شو کے دوران گاڑی کے کھلے دروازے سے ایک شخص لٹک رہا تھا۔ یہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطرناک ڈرائیونگ تھی۔
شکایت میں کہا گیا کہ گاڑی کا شیشہ پھولوں سے ڈھکا ہوا تھا جو ڈرائیور کی نظروں کے سامنے حائل تھا۔ بتادیں کہ پی ایم مودی ریاست کے دو روزہ دورے پر پیر کی شام کوچی پہنچے، بی جے پی کے زیر اہتمام یوتھ کنکلیو سے پہلے کوچی کے تھیورا میں روڈ شو کیا۔ شکایت میں کہا گیا کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں اور حکام کو چاہیے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کریں کیونکہ اس طرح کی سرگرمیاں عام لوگوں کو غلط پیغام دیں گی۔دریں اثنا پولیس اور ایم وی ڈی حکام نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
مزید پڑھیں: ترنمول کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے خلاف شکایت کی
واضح رہے کہ وزیر اعظم 24 اپریل کو مختلف ترقیاتی سرگرمیوں جیسے یوتھ کنکلیو ، وندے بھارت ٹرین ، واٹر میٹرو، ڈیجیٹل سائنس پارک وغیرہ کا افتتاح کرنے کے لیے کوچی پہنچے تھے۔ اس دوران نریندر مودی کا روڈ شو منعقد ہوا۔ روڈ شو کے دوران وہ دروازے سے اپنی سرکاری گاڑی کی اگلی سیٹ سے باہر نکل کر سڑک کے دونوں طرف جمع لوگوں کا استقبال کیا۔ مودی نے کوچی میں 1.8 کلومیٹر کا روڈ شو کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب مودی نے کیرالہ میں اتنا طویل روڈ شو کیا ہے۔ کیرالہ کے لباس میں کوچی پہنچے مودی کا عوام نے شاندار استقبال کیا۔ پورے روڈ شو میں لوگوں نے پیلے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے ۔ کوچی اور ترواننت پورم میں مودی سے ملنے کے لیے ایک بڑی بھیڑ آئی تھی۔