کوزی کوڈ: کیرالہ کے کوزی کوڈ میں جمعہ کو نپاہ وائرس کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق نپاہ کی تصدیق 39 سالہ شخص میں ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں نپاہ کے فعال کیسوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ حکام نے کہا کہ متاثرین میں فی الحال کوئی سنگین علامات نہیں ہیں اور انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل کیرالہ کی ریاستی حکومت نپاہ وائرس سے متاثرہ لوگوں کے علاج کے لیے، ضروری مونوکلونل اینٹی باڈیز ریاست میں دستیاب کرا چکی ہے۔ ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری اور مرکزی وزارت صحت کے درمیان دن کے وقت میٹنگ ہوئی تھی اور اب مونوکلونل اینٹی باڈیز آگئی ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ دوا نپاہ وائرس کے انفیکشن کا واحد دستیاب اینٹی وائرل علاج ہے۔ مزید کہا کہ اقدامات یا کاروائی کا فیصلہ ماہرین کی کمیٹی کرے گی۔ اس سے قبل وزیر نے ریاستی اسمبلی میں کہا کہ کوزی کوڈ ضلع میں نپاہ پھیلنے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن لوگوں کو اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کسی بھی طرح سے گھبرائیں نہیں، ہم مل کر احتیاط کے ساتھ اس مسئلے سے نمٹ سکتے ہیں۔ دماغ کو نقصان پہنچانے والے اس وائرس نے کوزی کوڈ ضلع میں دو لوگوں کی جان لے لی ہے اور تین دیگر کو متاثر کیا ہے۔
مزید پڑھیں: مشتبہ نپاہ کیس کے بعد کوزی کوڈ میں الرٹ، وزیر صحت نے صورتحال کا جائزہ لیا
بدھ کے روز، ایک چوبیس سالہ ہیلتھ ورکر کیرالہ میں نپاہ کا پانچواں تصدیق شدہ کیس بن گیا۔ پی ٹی آئی نے جمعرات کو اطلاع دی تھی کہ زیر علاج تین متاثرہ افراد میں سے ایک نو سالہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے۔ اس وباء کے بعد کوزی کوڈ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعہ کو تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کوزی کوڈ کے ضلع کلکٹر اے گیتھا نے ایک فیس بک پوسٹ میں اس کا اعلان کیا اور کہا کہ تعلیمی ادارے دو دن تک بند رہیں گے، طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو اس کے لئے ادارے کی جانب سے آن لائن کلاسز دستیاب کرائے جا سکتے ہیں۔