ونڈے بھارت مشن کے تحت دبئی سے 191 مسافرین کو لیکر ایرانڈیا کا طیارہ کوزی کوڈ کوڈ پہنچا تھا جو رات 8 بجکر 15 منٹ پر حادثہ کا شکار ہوگیا
ایرانڈیا کا طیارہ کوزی کوڈ ایرپورٹ کے رن وے سے پھسل کر 35 فٹ گہری کھائی میں جاگرا اور طیارہ کے دو ٹکڑے ہوگئے۔
حادثہ میں درجنوں مسافرین زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کےلیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 123 زخمی مسافرین میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔
ملاپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق حادثہ میں 19 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ طیارے میں عملہ کے بشمول 191 افراد سوار تھے۔ مہلوکین میں طیارے کا پائلٹ بھی شامل ہے۔
حادثہ کے وقت کوزی کوڈ میں شدید بارش ہورہی تھی۔ طیارے کو کیپٹن دیپک ساٹھے چلارہے تھے جبکہ انہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی میں تربیت حاصل کی تھی۔
وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرانڈیا اور ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی راحت ٹیمیں فوری دہلی اور ممبئی سے روانہ کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرکرافٹ ایکسڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو کی جانب سے تحقیقات کی جائیں گی۔
وندے بھارت مشن کے تحت ایرانڈیا ایکسپریس کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جارہی تھیں تاکہ بیرون ممالک پھنسے افراد کو ملک واپس لایا جاسکے۔ دبئی اور شارجہ میں بھارتی قونصلیٹ نے ہیلپ لائن نمبرز دیئے ہیں تاکہ مسافرین کے ارکان خاندان کو معلومات فراہم کی جاسکیں۔ شارجہ ایرپورٹ امارات کنٹرول روم نمبر 0097165970303، دبئی ایئرپورٹ کنٹرول روم نمبر 009710565463903 اور کوزی کوڈ ایئرپورٹ پر کنٹرول روم نمبر 04832719493 شامل ہیں جبکہ وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ہیلپ لائن شروع کی گئی جس کے نمبرز 1123012113، 1800118797 ہیں جو 24 گھنٹے کام کریں گے۔
ڈائرکٹر جنرل آف سیول ایوی ایشن نے بتایا کہ طیارہ میں 10 بچے بھی سوار تھے اور حادثہ میں طیارے کو آگ نہیں لگی ہے۔
کیرالا کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حادثہ کے فوری بعد راحت و امدادی کاموں کےلیے پولیس اور فضائیہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔
کیرالا کے کوزی کوڈ میں پیش آئے طیارہ حادثہ پر صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس کے رہنما راہل گاندھی، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ و سیاسی قائدین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر جمہوریہ نے گورنر کیرالا عارف محمد خان کو فون کرکے تفصیلات حاصل کیں۔