ترواننت پورم: کیرالہ پولیس نے جمعہ کو ریاست میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی طرف سے بلائے گئے صبح سے شام کے بند کے دوران مختلف پرتشدد واقعات کے سلسلے میں 170 لوگوں کو گرفتار کیا جبکہ 368 کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مختلف مقامات پر پرتشدد واقعات میں ملوث پی ایف آئی کارکنوں کے خلاف تقریباً 157 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ پتھراؤ کے واقعات میں ایس آر ٹی سی کی 75 سے زیادہ بسوں کو نقصان پہنچا اور 11 ملازمین زخمی ہوئے۔ PFI calls for Kerala bandh
کنور بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک ملازم پر اس وقت پٹرول بم پھینکا گیا جب وہ بائک پر اپنے دفتر جا رہا تھا۔ اولیل کے نوید نامی شخص کو زخمی حالت میں متنور کے تعلقہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ ہڑتال کے حامیوں نے مٹنور میں کے ایس آر ٹی سی کی بس پر پٹرول بم پھینکا، اس واقعہ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 15 پی ایف آئی۔ایس ڈی پی آئی کارکنوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
اسی دوران مٹنور کے نزدیک شیوپورم میں آر ایس ایس کے دفتر پر پٹرول بم حملہ ہوا۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ کنا پورم پولیس نے یہاں سے دو پیٹرول بم ضبط کیے اور کلیاسیری این ایچ سے ایک پی ایف آئی کارکن کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: Arrests Of PFI Leaders کیرالہ سے گرفتار پی ایف آئی کے رکن کو عدالتی تحویل میں بھیجا گیا
ہڑتال کے حامیوں نے دو پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور ان پر مٹی کا تیل ڈالنے میں کامیاب ہو گئے۔ ان پولیس اہلکاروں کی شناخت بنوئے اور سنیش کے طور پر ہوئی ہے۔ ان پر اس وقت حملہ کیا گیا جب انہوں نے کننور کے پاپینیسری کے نزدیک مناکاداو چلیل میں مظاہرین کو سڑکیں بلاک کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار پی ایف آئی کے حامیوں نے کولم ضلع کے پالیموکو میں دو دیگر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔
یو این آئی