جموں: صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں رشوت لینے کے الزام میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے فوراً بعد ایک پولیس اہلکار کی دوران حراست موت کے معاملے کی مجسٹریل تفتیش شروع ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ بلور علاقے کے رہائشی ہیڈ کانسٹیبل مشتاق احمد کو مہیلا تھانے میں مبینہ طور 3,000/-روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔
حراست کے دوران ہوئی ہلاکت کی تفتیش کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وشوا پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ’’ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ کی ہدایات پر ہم نے پولیس اہلکار کی موت کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔‘‘ وشوا پرتاب سنگھ، جنہیں مجسٹریل انکوائری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال میں ڈاکٹروں کے ایک بورڈ کے ذریعہ کیے گئے متوفی کے پوسٹ مارٹم کی نگرانی کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ بیوہ اور دو بچوں سمیت متوفی پولیس اہلکار کے خاندان کے کئی لوگ لاش کو سونپنے کے وقت وہاں موجود تھے اور اس معاملے میں انہوں نے سی بی آئی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا پر زور مطالبہ بھی کیا۔
- مزید پڑھیں: Police Constable Dead in Kathua رشوت خوری کے الزام میں گرفتار پولیس کانسٹیبل کی پوچھ تاچھ کے دوران موت
متوفی کے پڑوسی سرپنچ سنجیو کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرحوم پولیس کانسٹیبل مشتاق احمد ایک شریف النفس انسان تھا اور ممکن ہے کہ اسے کسی فرضی کیس میں پھنسایا گیا ہو۔ اگر ہم یہ مان بھی لیں کہ اسے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تب بھی اس سے اس طرح پوچھ گچھ نہیں ہونی چاہیے تھی کہ اس کی موت واقع ہو۔ انہوں نے موت پر تحقیقاتی ایجنسی کی خاموشی پر سوال اٹھایا اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی حکومت سے ’’مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کرنے‘‘ پر زور دیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں-سامبا-کٹھوعہ رینج، شکتی کمار پاٹھک نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔