بنگلور:کرنا ٹک میں ملی شاندار کامیابی اور ایک ہفتہ تک وزیر اعلی کے متلعق غور و خوض کے بعد بالآخر آج سدارامیا نے دوسری بار کرناٹک کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا،جبکہ ریاستی کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب بنگلورو کے کانتیراوا اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ سدارامیا کرناٹک کے پہلے وزیر اعلی تھے، جنہوں نے پچھلے 40 سالوں میں مکمل پانچ سال کی مدت پوری کی۔اس موقع پر دیگر وزراء کے ساتھ ضمیر احمد خان نے بھی وزیر کابینہ کے طور پر حلف لیا۔
وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کے علاوہ مجموعی طور پر آٹھ وزار نے آج اپنے عہدے اور روزادی کا حلف لیا،ان وزار کی فہرست میں ضمیر احمد خان کا نام بھی شامل ہے۔اس حلف برداری تقریب کے بہانے حزب اختلاف جماعتوں کے اتحاد کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس موقع پر تامل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالین،بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار،نائب وزیراعلی تیجسوی یادو،راجستھان،چھتیس گڑھ کے وزارء اعلی نے بھی اس حلف برداری تقریب میں شریک تھے۔
یاد رہے 10 مئی کو کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ریاست کے عوام نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا اور ریاست کی 224 میں سے 135 سیٹیں جیت کر کانگریس پانچ سال بعد پھر ریسات میں بر سر اقتدار آئی ہے۔نشستوں کے جیتنے کے اعتبار سے بی جے پی 66 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی اور جے ڈی ایس صرف 19 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔ کرناٹک کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) نے 18 مئی کو میٹنگ منعقدکی تھی اور باضابطہ طور پر سدارامیا کو وزیراعلی منتخب کیا تھا۔ اس کے بعد نامزد وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلی شیوکمار نے گورنر تھاور چند گہلوت سے ملاقات کرکے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔