ضلع یادگیر سے پانچ افراد دہلی میں مرکز نظام الدین گئے تھے جن میں سرپور تعلقہ کے تماپور سے دو، شاہ پور تعلقہ سے ایک اور یادگیر تعلقہ سے دو افراد شامل تھے۔
محکمہ صحت کے تعلقہ ہیلتھ افسر حسین بادشاہ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تبلیغی مرکز نظام الدین دہلی سے یادگیر لوٹنے والے پانچ افراد کو سات دنوں کے لیے کوارنٹائن سینٹر میں رکھا گیا۔
جس کے بعد عمران احمد، شیخ جلال الدین-یادگیر، مفتی عبدالقدیر-تما پور، حافظ ربانی-تما پور اور ایوب-شاہ پور ان پانچ لوگوں کا دو بار ٹیسٹ کیا گیا اور دونوں بار ان کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔
اس کے باوجود احتیاطی اقدامات کے تحت ان لوگوں کو مزید چودہ دن کے لیے ہوم کورنٹائن میں رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس موقع پر تبلیغی مرکز نظام الدین سے یادگیر واپس لوٹنے والے عمران احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 14 مارچ کو پانچ لوگ تبلیغی مرکز نظام الدین دہلی گئے تھے اور 19 مارچ کو واپس ہوئے، یہ کل پانچ لوگ تھے اور ان تمام کو کورنٹائن سنٹر میں سارا دن رکھا گیا جہاں پر ان لوگوں کا دو بار ٹیسٹ کیا گیا اور دونوں مرتبہ رپورٹ نیگٹیو آئی ہے جس کے سبب ان تمام کو ڈسچارج کردیا گیا۔
عمران احمد نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور محکمہ پولیس کے اعلی ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سبھی کے لیے ایک آزمائش ہے تمام لوگوں کو ایک ساتھ مل کر اس کورونا وائرس جیسی بیماری سے لڑنا ہے۔