کرناٹک کے یادگیر ضلع میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ کی وجہ سے عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پایا جا رہا ہے۔
یادگیر ضلع انتظامیہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے متاثرین کے علاج کے لیے تمام تر بندوبست کر رہی ہے۔ اس میں سرکاری کووڈ اسپتال میں تمام تر بنیادی سہولتیں، انجکشن اور دیگر ضروری ادویات، آکسیجن کی سپلائی، آئی سی یو وارڈ کا قیام شامل ہے۔
یادگیر کے سرکاری کووڈ اسپتال کے ڈسٹرکٹ سرجن بی ایس ہیرے مٹھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نئے سرکاری کووڈ اسپتال میں پہلے جنرل سرکاری اسپتال اور کووڈ اسپتال دونوں چلتے تھے۔ لیکن کورونا متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے نئے سرکاری اسپتال کو اب صرف کووڈ اسپتال قرار دیا گیا ہے۔ وہاں اب کورونا وائرس سے متا ثر ین کا مکمل علاج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری کووڈ اسپتال یادگیر میں 300 بستروں کی سہولت ہے۔ اس میں سے ایک سو ساٹھ آکسیجن والے بستر دستیاب ہیں اور 140 غیر آکسیجن والے بستر بھی موجود ہیں۔ لیکن اب ضلع انتظامیہ کے حکم کے بعد مزید 120 آکسیجن والے بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے بستروں یا آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے۔