ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کی جانب سے ضلع ڈپٹی کمشنر کے ذریعے مرکزی وزیر داخلہ کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کوکنوینر مولانا محمد نوح نے بتایا کہ دہلی میں این آرسی، سی اے اے قانون کی مخالفت کرنے والے کئی طلبا، نوجوان اور خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جنہیں ابھی تک رہا نہیں کیا گیا۔جس میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ دہلی میں فساد برپا کرنے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے والوں کے خلاف کسی طرح کی قانونی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
دہلی میں سب سے زیادہ مسلمانوں کو ہی نقصان پہنچایا گیا ہے اور مساجد کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے لیکن اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی لیکن دہلی کے شاہین باغ میں پر امن طریقے سے احتجاج کرنے والی خواتین اور جامعہ کی طالبات پر مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کے کنوینر افضل محمود نے کہا کہ ملک بھر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی، سی اے اے، این آر سی کی مخالفت میں گرفتار افراد کی رہائی کے لیے کام رہی ہے۔