ریاست کرناٹک میں بنٹوال سٹی پولیس نے بابو پُجاری نام کے ایک شخص کو اِس شکایت کے بعد گرفتار کیا ہے کہ وہ بنٹوال کے بی سی روڈ پر واقع ایک مسجد میں زبردستی داخل ہوا تھا۔
یہ شخص دو پہیہ گاڑی میں آیا اور بنٹوال میں بنگلورو ۔ منگلورو نیشنل ہائی وے کے قریب واقع مسجد میں مبینہ طور پر گھس گیا۔
اطلاعات کے مطابق گرفتار ملزم بابو پجاری بجرنگ دل کا کارکن ہے اور مسجد کے امام کا قتل کرنے کے منصوبے سے آیا تھا۔
مسجد کمیٹی نے بنٹوال سٹی پولیس اسٹیشن Bantwal City Station Police کو اطلاع دی کہ ایک مشتبہ شخص مسجد میں داخل ہوا ہے۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ شخص کی دو پہیہ گاڑی سے چاقو بھی ملا ہے۔
اطلاع ملتے ہی بنٹوال سٹی تھانہ پولس موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
مسجد کمیٹی نے مسجد کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی۔ بنٹوال سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا اور تحقیقات جاری ہے۔
بنٹوال کے ایک مقامی شخص نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'یہ مسجد کے امام کو قتل کرنے کی کوشش تھی۔ گرفتار شخص پر اقدام قتل سے متعلق دفعات کو نہیں لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، ملزم بابو کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، جو بجرنگ دل کا کارکن ہے اور وہ نشے کی حالت میں مسجد میں داخل ہوا تھا۔ فی الحال ملزم بابو پُجاری پولیس حراست میں ہے۔