کرناٹک میں مسلم طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لیے گزشتہ روز بینگلور شہر کے قلب میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں معروف شخصیات کی موجودگی میں کل 167 مسلم طلبأ و طالبات کو 50 لاکھ روپے تک کی اسکالرشپ فراہم کی گئی۔
تقریب میں جن کو اسکالر شپ دی گئی ان میں ایم بی بی ایس، انجنیئرنگ، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ وغیرہ کے طلبا شامل تھے۔
اس موقع پر دانش ایجوکیشنل ٹرسٹ کی صدر حسنی شریف نےکہا کہ ملت کے قابل نونہالوں کو تعلیمی میدان میں نہ صرف آگے لانا ہے بلکہ انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد کرنے کی یہ ایک پر زور کوشش ہے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عبد الاحد نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا محنت سے پڑھیں اور حصول کامیابی کے بعد ایمانداری و اخلاص کے ساتھ قوم و ملک کی خدمت کریں۔
معروف ماہر تعلیم آمین مدثر نے کہا کہ طلبأ کا تعلیم حاصل کرنے کا مقصد صرف یہ نہ ہو کہ وہ بس کمائیں اور اپنے گھر کی ضروریات پوری کریں، بلکہ وہ مستحق بچوں کی امداد کریں تاکہ اس سے معاشرہ ترقی کرے۔
دانش ٹرست کی صدر حسنی شریف نے کہا کہ تقریباً 30 سال قبل انھوں نے بزم نسواں ٹرست کی جانب سے قوم کی قابل لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں آگے لانے اور انہیں اسکالرشپ فراہم کرنے کا نظم بنایا، جس کے بعد لڑکوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں کیوں اسکالرشپ سے محروم کیا جارہا ہے؟
جس کے بعد سے ہی انھوں نے سنہ 2006 میں دانش ٹرست کا قیام کیا اور ملت کے لائق و قابل لڑکوں جو اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں انھیں اسکالرشپ فراہم کرنے کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ مسلم کنبوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے اور ان کے حالات میں بہتری لانے کے تعلق سے 13 برس قبل دانش ایجوکیشنل ٹرسٹ کا قیام کیا گیا تھا، جو مسلم طبقہ کے ان قابل نوجوانوں کو اسکالرشپ فراہم کرتی ہے ۔