ہبلی: ریاست کرناٹک کے ہبلی ٹاؤن میں فریڈم ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اھتمام تعلیم اور اس کی اہمیت پر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں سول انجینئرنگ میں سولہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی طالبہ بشریٰ متین رائچور، سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست گلبرگہ، سابقہ کرناٹکا مینارٹی کمیشن کے چیئرمین عبدالقدیر ہبلی، مبین احمد زخم نمائندہ ای ٹی وی بھارت بیدر، عبداللہ بن احمد چاؤش، زین ٹی وی یادگیر اور ڈاکٹر حسینی گلبرگہ کے علاوہ کئی مقامی معززین شہر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے موجودہ دور میں تعلیمی چیلنجز، مخلوط تعلیم، لڑکیوں میں اعلیٰ تعلیم کے وسائل، تعلیمی میدان میں حجاب کی اہمیت، عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر خصوصی توجہ، لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم میں والدین کی ذمہ داریاں، جیسے عنوانات پر خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
All India Ideal Teachers Association بیدر کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے داخلے کیلئے مہم
سول انجینئرنگ میں 16 گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ضلع رائچور کی طالبہ بشریٰ متین نے اپنے خصوصی خطاب میں لڑکیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرتے وقت اپنا ایک مشن بنالیں۔ رات دن محنت کریں۔ نمازوں کا اہتمام کریں۔ خصوصی طور پر تہجد کی نماز کا اہتمام کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں اپنے اسباق کو یاد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیونکہ تعلیم و تربیت میں والدین کا اہم رول ہوتا ہے۔ اس لیے تمام طلبا وطالبات کو چاہیے کہ والدین کے بتائے ہوئے نقشے قدم پر چلیں۔ اپنے والدین اپنا وطن اور اپنے اسکول اور کالج کا نام روشن کریں۔ مشتاق پیرزادہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ اس اجلاس کی نظامت عزیز لوکپلی نے کی۔ اس اجلاس میں مختلف اسکول اور کالج کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کرنے والی لڑکیوں کے علاوہ دسویں اور بارہویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی لڑکیوں کو تہنیت پیش کی گئی۔