بیدر: کانگریس خواتین ضلع یونٹ بیدر کی صدر پوجا جارج نے سیاست میں خواتین کی حصہ داری پر ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ چھ سالوں سے کانگریس پارٹی کے کارکن کی حیثیت سے کام کر رہی ہوں۔ کانگریس پارٹی اپنے اصولوں پر چلنے والی پارٹی ہے۔ اس پارٹی میں پارٹی کے لیے کام کرنے والے لوگوں کی کافی اہمیت ہے۔ کانگریس پارٹی میں نوجوانوں کی اہمیت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد نوجوان طبقے کانگریس پارٹی سے خصوصی طور پر جڑ رہے ہیں۔ اس میں راہل گاندھی کا بہت بڑا حصہ ہے۔ ملک میں امن یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو بحال کرنے کے لیے ہزاروں میل کا سفر طے کیا اور ملک کی عوام کو جمہوریت اور قانون پر اعتماد دلاتے ہوئے جو کام کیا ہے، اس کا نتیجہ ہے کہ آج کانگریس پارٹی میں نوجوان زیادہ تر نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ بی جے پی کے اس نعرے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی پارٹی کا صرف ایک نعرہ ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ پارٹی نے اس پر کوئی کام کیا ہے۔ عوامی مقبولیت حاصل کرنے کے لیے اس نعرے کا استعمال کیا گیا ہے۔ دیگر سیاسی پارٹیوں کے علاوہ کانگریس پارٹی میں خواتین کی اہمیت پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں شروع سے ہی کئی ایسی خواتین ہیں جنہوں نے اس ملک کی قیادت کی ہے اور خواتین کے رتبے کو بلند کیا ہے۔ جس کی ایک اہم مثال اندرا گاندھی ہیں اس کے علاوہ سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی آج پوری محنت اور ایمانداری کے ساتھ ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ سیاست کے علاوہ تمام شعبۂ جات میں بھی کھل کر سامنے آئیں۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ مرد کے شانہ بشانہ مل کر کام کریں۔ انہیں کبھی مایوسی یا کمتر یا احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ پوجا نے مزید کہا کہ جب تک ایک عورت دوسرے عورت کی عزت نہیں کرے گی تب تک عورت سماج میں بلند مقام و مرتبہ حاصل نہیں کرے گی۔ اس لیے عورتوں کو چاہیے کہ وہ عورت سے جلن حسد نہ کرے بلکہ ایک دوسرے کی مدد کریں اور کامیابی کے ساتھ آگے بڑھیں۔