کرناٹک کے گلبرگہ شہر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست کو سالار ملت ایوارڈ سے نوازا گیا۔ گلبرگہ شہر کے مغل فنکشن ہال میں بی این ٹائمز گلبرگہ کے ایڈیٹر عزیز اللہ سرمست کو ان کے 40 سالہ صحافتی کیرئیر اور سماجی خدمات پر سالار ملت ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے سالار ملت ایوارڈ سے نوازتے ہوئے سینر صحافی عزیز اللہ سرمست کو مبارکباد پیش کی۔
وہیں، سینئر صحافی عزیزاللہ سرمست نے یہ ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلین کی جانب سے سالار ملت کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مجھے فخر محسوس ہورہا ہے۔ مجھے بہت سارے ایوارڈز سے نوازا گیا ہے لیکن یہ ایوارڈ ملنے پر مجھے انتہائی مسرت محسوس ہورہی ہے، جس کے لیے میں اتحاد المسلمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اس موقع پر گلبرگہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابقہ صدر اصغر چلبل نے کہا کہ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست گلبرگہ میں پچھلے 40 برسوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اردو اخبار کے ذریعہ قوم و ملت کے بنیادی مسائل کے حل اور عوامی بیداری کے لیے بہت کوششیں کی ہیں۔
سماجی کارکن گزار حیدر اعلی باغبان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مسلم طبقے کے مسائل کے بارے میں بات کی۔ انہیں سالارِ ملت کے ایوارڈ سے نوازا جانا اعزاز کی بات ہے۔