شہدائے کربلا کی قربانیوں کو یاد کرکے امام حسین کے پیغام امن و محبت کو نہ صرف خود بلکہ عوام الناس تک پہنچانا ہم سبھی کی ایک ذمہ داری ہے۔ حالات حاضرہ میں جہاں چند مخصوص طاقتیں چاروں طرف ظلم و زیادتی کو فروغ دے رہی ہیں ایسے میں پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انور شریف فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کیے گئے اس پروگرام میں عثمان شریف نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
محرم الحرم ہی ایک ایسا موقع ہے جسے تمام مذاہب کے لوگ مانتے اور مناتے ہیں۔ اصل میں محرم دنیا بھر کے لوگوں کے درمیان اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے والا ایک عظیم موقع ہے۔
یاد رہے کہ شہر بنگلور کی نامور شخصیت انور شریف اس پروگرام کو پچھلے 20 سال سے منعقد کرتے آرہے تھے اور اب ان کے انتقال کے بعد ان کے فرزندان نے اس ذمے داری کو اپنے کندھوں پر لیا ہے۔
اس پروگرام میں شہر بنگلور کے معروف علمائے کرام نے شرکت کی اور امام حسین کی حق گوئی، قربانیوں اور شہادت کے متعلق بیانات سے سامعین کو محسور کیا۔
علمائے کرام نے پروگرام میں شہادت امام حسین کو اخوت، محبت و اتحاد کا پیامبر قرار دیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ امام حسین کی تعلیمات پر عمل کریں۔ امام حسین کی یہ تعلیمات رہی ہیں کہ جھوٹ و باطل کے آگے کسی قیمت پر سر نہیں جھکائیں۔
اس موقع پر ملک بھر میں امن و امان کی دعائیں کی گئیں اور سبھی مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ دیگر مذاہب جیسے ہندو، مسیحی، سکھ، وغیرہ کے ماننے والے قومی بھائیوں سے حسن سلوک کریں اور آپس میں محبت کو عام کریں۔